روس، اپوزیشن لیڈر الیگزے ناوالنے کو زہر دے دیا گیا
روسی صدر پیوٹن کے شدید مخالف اپوزیشن لیڈر الیگزے ناوالنے کی ترجمان نے الزام عائد کیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کو زہر دیا گیا ہے جس سے ان کی حالت خراب ہوگئی اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر کی ترجمان نے الیگزے ناوالنے کی چائے میں زہر ملائے جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔الیگزے ناوالنے کی ترجمان نے الزام عائد کیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کو زہر دیا گیا ہے جس سے ان کی حالت خراب ہوگئی اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جمعرات کی صبح اپوزیشن لیڈر ماسکو سے واپس آرہے تھے اور انہوں نے صبح سویرے صرف چائے پی تھی لہٰذا ان کی چائے میں کچھ ملایا گیا۔برطانوی میڈیا کے مطابق ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ الیگزے ناوالنے اس وقت بے ہوشی کی حالت میں ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیگزے ناوالنے کو اومسک شہر کے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ تاہم اپوزیشن لیڈر کی ترجمان کا کہنا تھا کہ الیگزے کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں اپوزیشن لیڈر کی ترجمان نے کہا کہ روس میں کرپشن کے خلاف مہم میں پیش پیش اپوزیشن لیڈر الیگزے ناوالنے کی دورانِ پرواز حالت خراب ہوئی جس پر پرواز کی ایمرجنسی لینڈنگ کروائی گئی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق الیگزے روسی صدر پیوٹن کے شدید مخالفین میں شمار کیے جاتے ہیں اور انہوں نے روس میں کرپشن کے خلاف مہم میں اہم کردار ادا کیا جب کہ 2011کے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے پر انہیں گرفتار کرکے 15 روز کے لیے جیل بھیج دیا گیا تھا۔
تفصِلات کے مطابق 2013 میں بھی انہیں جعل سازی کے الزام میں جیل بھیجا گیا تھا جب کہ انہوں نے 2018 کے صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا لیکن جعل سازی کے کیسز میں سزا کے باعث انہیں الیکشن میں حصہ لینے سے روک دیا گیا تھا۔