دبئی میں کرونا وائرس کی سکریننگ کے لیے سمارٹ ہیلمٹ متعارف
ابو ظہبی: دبئی کے صحت حکام نے کرونا وائرس کے متاثرین کی جانچ کے لیے سمارٹ ہیلمٹ کا استعمال شروع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دبئی کے طبی خدمات کے ادارے کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر خلیفہ بن دراس نے بتایا کہ طبی امداد پیش کرنے والے صحت اہلکار مریضوں کو چیک کرتے وقت سمارٹ ہیلمٹ استعمال کر رہے ہیں۔ہیلمٹ کے ذریعے وہ اس بات کا پتہ لگا لیتے ہیں کہ کرونا وائرس کا مشتبہ مریض واقعی مرض میں واقعی مبتلا ہے یا نہیں۔خلیفہ بن دراس کا کہنا ہے کہ سمارٹ ہیلمٹ مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی سے لیس ہے،
جیسے ہی صحت اہلکار متعلقہ شخص پر نظر ڈالتا ہے فورا ہی اسمارٹ ہیلمٹ اس انسان کا درجہ حرارت چیک کرلیتا ہے۔ہیلمٹ صحت اہلکار کو اس کے موبائل پر ایس ایم ایس کردیتا ہے جس میں یہ اطلاع ہوتی ہے کہ متعلقہ شخص کے جسم کا درجہ حرارت بڑھا ہوا ہے یا معمول کے مطابق ہے؟ اگر درجہ حرارت بڑھا ہوا ہوتا ہے تو اس سے پتہ لگا لیا جاتا ہے کہ وہ کرونا وائرس کا ممکنہ مریض ہے۔بن دراس کا کہنا ہے کہ سمارٹ ہیلمٹ کی بدولت صحت اہلکاروں کو کررونا وائرس لگنے سے تحفظ حاصل ہوگیا ہے۔یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کرونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 4 ہزار 521 تک پہنچ چکی ہے، 4 اموات ہوچکی ہیں اور 852 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔