حکومت میڈیا پر قدغن لگا رہی ہے، ناصر حسین شاہ

Nasir shah

،کراچی صوبائی وزیراطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے سندھ پروٹیکشن آف جرنلسٹس ودیگر میڈیا پریکٹیشنرز بل 2021کی دوبارہ سندھ اسمبلی سے منظور ی پر صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو مبارکباد دی ہے۔ قبل ازیں سندھ اسمبلی میں صحافیوں کے تحفظ کا بل دوبارہ پیش کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ پروٹیکشن آف جرنلسٹس ودیگر میڈیا پریکٹیشنرز بل سندھ اسمبلی سے منظور کروا کر گورنر سندھ کو توثیق کے لیے بھیجا گیا تھا لیکن انہوں نے غیر ضروری اعتراضات لگا کر واپس کردیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صحافیوں کے تحفظ کے بل میں رکاوٹیںڈالی گئیں کیونکہ موجودہ وفاقی حکومت میڈیا اور پریس پر جس طرح قدغن لگارہی ہے اور وہ نہیں چاہتی کہ اس طرح کا بل پاس ہو جو میڈیا ورکرز اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے ہو۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے میڈیا کی آواز دبانے کے لیے آرڈیننس لائے جارہے ہیں اور نئے نئے بل منظور کرائے جارہے ہیں ۔صوبائی وزیرنے کہا کہ میڈیا کی آزادی اور میڈیا ورکرز کا تحفظ اُن سے ہضم نہیں ہوتا۔ اُس کا جواب دینے کے لیے ہم دوبارہ صحافیوں کے تحفظ کا بل سندھ اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کررہے ہیں تا کہ اُسے منظور کیا جائے اور ضرورت ہی نہ رہے ایسے لوگوں کی جن کی وجہ سے یہ رکاوٹیں پیداہو رہی ہیں ۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔