معروف تاجر و سماجی رہنما حاجی رفیق پردیسی کے گھر کورونا کی آگاہی کے لیے پروگرام کا انعقاد
کراچی: معروف تاجر اور سماجی رہنما حاجی رفیق پردیسی کے گھر کورونا آگاہی کے سلسلے میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ملک کی نامور سماجی، مذہبی اور کاروباری حضرات نے شرکت کی۔
پروگرام میں معروف مذہبی اسکالر اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چئیرمین مفتی منیب الرحمان،معروف اسکالر اور خطیب علامہ سید مظفر حسین شاہ، سیلانی ویلفیئر کے بانی اور مقبول سماجی و مذہبی رہنما مولانا بشیر فاروقی، معروف تاجر اور سماجی رہنما افضل چامڈیا، معروف کاروباری شخصیت رفیق سلیمان، سماجی رہنما و سی ای او عیسیٰ لیبارٹری ڈاکٹر فرحان عیسیٰ اور چئیرمین ایسوسیئشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز آف پاکستان محسن شیخانی کے علاوہ دیگر معروف شخصیات نے شرکت کی۔
پروگرام میں ڈاکٹر فرحان عیسیٰ کا کہنا تھا کہ کورونا کے لیے ہماری قوم تیار نہیں تھی اور ہم نے اسے سنجیدہ نہیں لیا۔
مفتی منیب الرحمان نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی قوم لاک ڈاوُن کے لیے تیار نہیں تھی چاہے وہ یورپ ہو یا امریکا۔ مفتی منیب نے مزید کہا کہ لاک ڈاوُن کہیں نہیں تھا اگر لاک ڈاوُن ہوتا تو بڑے ممالک ہر گز اپنے ملک کو نہ کھولتے۔ ہم نے صرف فیشن اور مغربی تقلید میں لاک ڈاوُن لگایا۔
مفتی منیب کا مزید کہنا تھا کہ لبرل میڈیا تو میرا دشمن ہے۔ یہ میڈیا ہمارے پیچھے پر گیا جب ہم نے کہا کہ مساجد کو بند نہ کریں، انہیں ویران نہ کریں۔ روئے زمین پر صرف پاکستان کی مساجد ہی تھیں جو ویران نہ ہوئیں۔
پروگرام میں دیگر مہمانانِ گرامی نے حاجی رفیق پردیسی کی اس کاوش کو سراہتے ہو ئے کہا کہ رفیق پردیسی ہمیشہ سے قوم و ملک کی خدمت کے لیے پیش پیش رہتے ہیں۔
حاجی رفیق پردیسی نے تمام مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ میں قوم سے دعا کی درخواست کی کہ یہ کورونا کی وبا دنیا سے جلد ختم ہو جائے اور ہمارے ملک کی رونقیں دوبارہ سے لوٹ آئیں۔
یاد رہے کہ پروگرام میں مکمل سوشل ڈسٹینسنگ کا خیال رکھا گیا اور حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز کی پیروی کی گئ۔