جارج فلائیڈ کی آخری رسوم ادا، اہل خانہ کی انصاف کے لیے دُہائی
ہیوسٹن: امریکا میں پولیس اہلکار کے ہاتھوں قتل سیاہ فام جارج فلائیڈ کی آخری رسوم ہیوسٹن میں ادا کردی گئیں۔
جارج فلائیڈ کی آخری رسوم میں رشتے داروں اور دوستوں سمیت 500 افراد کو مدعو کیا گیا تھا جب کہ یادگاری تقریب میں جیمی فاکس سمیت ہالی وُڈ کی نامور شخصیات نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے گفتگو میں مقتول کے گھر والوں نے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
سابق امریکی نائب صدر جوبائیڈن نے وڈیو پیغام میں کہا کہ امریکا کو نسل پرستی سے بچانا ہوگا، تمام امریکی مساوی سلوک کے حق دار ہیں۔
رہنما انسانی حقوق ولیم لاسن کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے وائٹ ہاؤس کو صاف کرنا ہوگا، امریکا کو متعصب اور ہٹ دھرم ٹرمپ سےنجات دلانا ہوگی۔
خیال رہے کہ امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر مینی پولِس میں 25 مئی 2020 کو سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں 45 سالہ سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ ہلاک ہوگیا تھا۔
پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں سیاہ فام جارج فلائیڈ کے قتل کے بعد ہنگامے پھوٹ پڑے جس نے امریکا کے کئی شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔