بھارت کے سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن انتخاب سے بنیادی سوالات اٹھتے ہیں، پاکستان
اسلام آباد: پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بطور غیر مستقل رکن انتخاب پر سوالات جنم لیتے ہیں کیونکہ مقبوضہ کشمیر اور اپنے ملک میں بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اوراصولوں کے صریحاً منافی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا کہ ہم آئرلینڈ، ناروے اور میکسیکو کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے لیے منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہیں، تاہم بھارت کے انتخاب سے بنیادی سوالات اٹھتے ہیں۔
عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارت سلامتی کونسل کی کئی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتا ہے، جن میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دینے کے لیے اقوام متحدہ کی نگرانی میں استصواب رائے کرانے کو کہا گیا ہے۔
عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارت نے نو لاکھ قابض فوج کے ساتھ اعلیٰ کشمیری قیادت سمیت 80 لاکھ کشمیریوں کو محصور کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے علاقے خمیس میں شہریوں کو نشانہ بنانے کی حوثی باغیوں کی تازہ کوشش کی شدید مذمت کرتا ہے۔