بھارتی الزام تراشی مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، دفتر خارجہ
اسلام آباد: پاکستان نے لائن آف کنٹرول کے پار لانچنگ پیڈ کا بھارتی دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ در اندازی کی کوششوں سے متعلق الزامات مسترد کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی الزام تراشی مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی اقدامات خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ 2020ء میں بھارت نے سیز فائر معاہدے کی 882 بار خلاف ورزی کی۔ رواں ماہ بھارتی فوج نے 29 کشمیری شہید کیے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ دنیا کی توجہ کورونا وائرس سے نمٹنے پر ہے لیکن بھارت نے وبائی صورت حال کا فائدہ اٹھا کر کشمیر میں ہندوتوا کو بڑھانا شروع کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بالاکوٹ میں بھارتی مس ایڈونچر کا جواب پاکستان کی صلاحیت کا مظہر ہے۔ بھارت پاکستانی افواج اور عوام کے عزم کو کمزور نہ سمجھے۔