بھارت میں مسلمانوں پر عرصۂ حیات تنگ، شاہ محمود کا اوآئی سی کو خط
اسلام آباد: بھارت میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکریٹری جنرل او آئی سی اور رکن ممالک کو خط لکھ کر آگاہ کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے اپنے خط میں لکھا کہ بھارت کی انتہا پسند جماعت آر ایس ایس اور حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی پھیلا رہی ہیں۔ بھارتی مسلمانوں کو کورونا وائرس کا ذمے دار قرار دیا جارہا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کو انسانی بم قرار دے کر ان کی کردار کشی کی جا رہی ہے۔ بی جے پی کا سوشل میڈیا سیل کورونا جہاد، بائیو جہاد اور کووڈ 19 جیسے پیغامات پھیلا رہا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی اس معاملے کو عالمی فورمز پر اٹھائے۔ بھارت کے ہتک آمیز اقدامات عالمی قوانین اور قراردادوں کے منافی ہیں۔ مسلمانوں کے خلاف عالمی اور مقامی ذرائع ابلاغ دکانوں اور مساجد پر حملوں کے مناظر دکھا رہےہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ ہندوتوا ایجنڈے کے تحت چلنے والی مہم کے نتائج انتہائی مہلک ہو سکتے ہیں۔