بھارتی پولیس افسر نے خود کو گولی مارلی
پولیس اہلکاروں کے اقدام خود کشی کے واقعات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی پولیس افسر نے اپنی ہی سروس رائفل سے خود کو گولی مارلی۔ مقبوضہ کشمیر کے ضلع سری نگر کے شیر گڑھی علاقے میں بدھ کی صبح سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) سے وابستہ ایک افسر نے اپنی ہی رائفل سے خود کو گولی مارکر شدید زخمی کرلیا۔ سی آر پی ایف کے ترجمان پنکج سنگھ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمی افسر کو مقامی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ واقعے کے بارے میں مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے حالات پر گہری نظر رکھنے والے مبصرین کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز اہلکاروں بالخصوص سی آر پی ایف جوانوں میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے رجحان کی وجہ سخت ڈیوٹی، اپنے عزیز و اقارب سے دوری اور گھریلو و ذاتی پریشانیاں ہیں۔واضح رہے کہ بھارتی سرکاری اعداد وشمار کے مطابق سال 2010 سے 2019 تک ملک میں 1113 فوجی اہلکاروں کی خودکشی کے 1113 مشتبہ واقعات درج کیے گئے۔