بلاول کے بیان کا خیرمقدم، وزیراعظم نے سیاسی قیادت کو اکٹھا کرنے کا فیصلہ کرلیا
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے لیے بلاول بھٹو کے بیان کا حکومت نے خیرمقدم کرتے ہوئے سیاسی قیادت کو اکٹھا کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سیاسی قیادت کو اکٹھا کرنے کا فیصلہ کرلیا، عمران خان نے اس سلسلے میں اسپیکر اسد قیصر کو اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک دے دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پی پی چیئرمین سمیت دیگر پارلیمانی رہنماؤں سے رابطہ کریں گے، مشترکہ پارلیمانی کمیٹی بھی تشکیل دی جارہی ہے، اس کمیٹی میں سیاسی جماعتوں کی بھی نمایندگی ہوگی۔
یہ پارلیمانی کمیٹی موجودہ صورت حال کا جائزہ لے کر سفارشات دے گی، کمیٹی کی سفارشات نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی کو بھجوائی جائیں گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں وزیر اعظم عمران خان ہماری قیادت کریں، یہ وقت وزیراعظم پر تنقید کا نہیں، مل کر قدرتی آفت کا مقابلہ کرنا ہے۔