ایس او پیز پر عدم عمل درآمد: آج کئی بڑی مارکیٹیں بند کردی جائیں گی، شہباز گل
اسلام آباد: پاکستان بھر میں ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والی بڑی مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی بڑی مارکیٹس بند کرنے کے لیے آپریشن شروع کردیا گیا۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے این سی او سی میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا غیر ذمے داری موت کا سبب بن رہی ہے۔ ایس او پیز پر عمل درآمد سے ہی کورونا کے پھیلاؤ کو روکا جاسکتا ہے۔ پنجاب کی بڑی مارکیٹیں این سی او سی کے فیصلوں کے تناظر میں بند کی جائیں گی، انڈسٹریل ایریاز، مارکیٹس اور ٹرانسپورٹ کو پابند بنایا جائے گا، خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
ادھر چیف سیکریٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی زیر صدارت کیمپ آفس میں ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں کورونا وبا کی روک تھام سے متعلق ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے انتظامیہ اور پولیس کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا اب معافی کا وقت ختم ہوگیا، سب افسران فیلڈ میں نکلیں۔
چیف سیکریٹری پنجاب نے حکم دیا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کی مرتکب دکانوں اور بازاروں کو فوری بند کردیا جائے، ماسک کی پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے انتظامی اور پولیس افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں۔
دوسری جانب شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا، ایس او پییز پر عمل درآمد نہ کرنے پر پورے ملک میں کئی بڑی مارکیٹیں آج بند کردی جائیں گی، پنجاب اور کے پی کے میں آپریشن شروع کردیا گیا ہے، ہم سب کو ہر صورت ایس او پی ایز پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔