اپوزیشن ناکامیوں کو چھپانے کے لئے اے پی سی کا چورن بیچ رہی فواد

Opposition failed. Fawad

اسلام آباد۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی ناکامی کے بعد شہباز شریف کو اے پی سی کی نئی کہانی سوجھی ہے، پی ڈی ایم میں وعدے کر کے مکرنے اور ضمنی انتخابات میں ایک دوسرے پر اعتراضات اٹھانے والے کس منہ سے اے پی سی میں شریک ہوں گے۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کی طبیعت میں الیکشن چوری ہو وہ شفاف انتخابات کی تجویز کیسے دے سکتے ہیں؟۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف کی پارلیمان کو بائی پاس کر کے انتخابی اصلاحات پر گفتگو کے لئے آل پارٹیز کانفرنس کی تجویز مضحکہ خیز ہے، پارلیمان کی بالادستی کے دعویدار آج خود پارلیمان کی توقیر کو پائوں تلے روند رہے ہیں۔ اس طرح کی فیصلہ سازی پارلیمان کے اندر کی جاتی ہے، اپوزیشن لیڈر پارلیمان کو کمزور کرنے کے ایجنڈے کا حصہ بن رہے ہیں جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے اے پی سی کا چورن بیچنے نکلی ہے جو نہیں بکے گا، عوام ان کی اصلیت اور حقیقت جان چکے ہیں، وہ باشعور ہیں، انہیں بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔