آرمی چیف اور زلمے خلیل کی ملاقات، افغان امن عمل پر گفتگو
راولپنڈی: افواج پاکستان کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اور امریکی ریزلوٹ سپورٹ مشن کمانڈر جنرل آسٹن ملر نے ملاقات کی، جس میں افغان امن عمل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
امریکی سفارت خانے کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد اور ریزلوٹ سپورٹ مشن کمانڈر جنرل آسٹن ملر آج اسلام آباد پہنچے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں جاری امن اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
امریکی سفارت خانے کے مطابق پاکستانی عسکری قیادت نے افغان امن کے لیے امریکی کوششوں میں تعاون کے عزم کو دہرایا۔