امریکہ محاذ آرائی کو ہوا دے رہا ہے جو کہ غیر اخلاقی ہے: چین کا امریکہ کو جواب
بیجنگ : چین نے اس امریکی الزام کی تردید کی ہے کہ چین کے صوبے گوانگ ڈونگ نے وبا کی روک تھام اور کنٹرول کے عمل میں افریقی باشندوں کے ساتھ امتیازی سلوک رکھا اور کہا ہے کہ امریکہ محاذ آرائی کو ہوا دے رہا ہے، جو نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ غیر ذمہ دارانہ بھی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژا لی جیان نے کہا کہ چین امریکہ پر زور دیتا ہے کہ وہ اپنے ملک میں وبا کی روک تھام اور کنٹرول پر توجہ دے۔ چین افریقہ دوستانہ تعلقات کے درمیان محاذ آرائی کو بھڑکانے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے دوران، چینی حکومت نے غیر ملکی شہریوں کی زندگی اور صحت کو انتہائی اہمیت دی ہے۔ تمام غیر ملکیوں کے ساتھ یکساں سلوک کیا جاتا ہے اور ہم امتیازی سلوک کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین اور افریقہ ہمیشہ سے اچھے دوست، اچھے شراکت دار اور اچھے بھائی رہے ہیں اور یہ کہ افریقی ممالک نے سب سے مشکل وقت میں وبا سے جنگ کے دوران چین کا ساتھ دیا۔ ایسے وقت میں جب افریقہ میں صورتحال مزید سنگین ہوتی جارہی ہے، چینی حکومت اور عوام نے افریقہ کو تیزی سے امداد فراہم کی ہے، جسے افریقی ممالک اور ان کے عوام نے بہت سراہا ہے۔