افغان امن عمل کے لیے تعاون جاری رکھیں گے، پاکستان

واشنگٹن: امریکا میں متعین پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے انتہائی سنجیدگی اور اخلاص سے افغانستان میں امن کے قیام کے لیے کوششیں کی ہیں اور وہ اس مقصد کے حصول کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
ایک امریکی تھنک ٹینک کو واشنگٹن میں انٹرویو میں ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ امریکا اور طالبان کے مابین طے پانے والا معاہدہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، یہ معاہدہ ظاہر کرتا ہے کہ افغان فریقین بھی آپس میں امن کی خاطر مل کر کام کرسکتے ہیں، افغانستان میں دیرپا امن کا قیام اسی وقت ممکن ہے جب افغان حکومت اور طالبان اسے مشترکہ مقصد سمجھ کر امن عمل کو آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ کسی بھی فرد یا گروہ کو ملکی سرزمین خطے میں دوسرے ممالک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہونا چاہیے۔ پاکستان نے افغانستان سے ملحقہ سرحد پر حقانی گروپ سمیت جنگجوؤں اور دہشت گردوں کے خلاف بہت سی کارروائیاں کیں اور اب پاکستان کے قبائلی علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کردیا گیا ہے، اس علاقے کو قومی دھارے میں شامل کرلیا گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔