اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی
کراچی: شرح سود میں دو فیصد کمی اور آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کیلیے 1 ارب 38 کروڑ 60 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی رہی جس کے باعث ٹریڈنگ معطل کرنی پڑی۔
اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز زبردست تیزی رہی۔ 100 انڈیکس میں 1544 پوائنٹس کا اضافہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 32 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی اور حصص کی مالیت میں 220 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوگیا۔
کے ایس ای 30 انڈیکس 5 فیصد بڑھنے پر مارکیٹ میں ٹریڈنگ کو ایک گھنٹے کے لیے معطل کیا گیا۔ پاکستان اسٹاک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ زبردست تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کو ہالٹ کرنا پڑا۔ حصص میں 16 ماہ بعد ایک روز میں اتنا بڑا اضافہ ہوا ہے۔
ایک گھنٹے بعد کاروبار بحال ہونے کے بعد بھی اسٹاک مارکیٹ میں بھرپور تیزی کا رجحان برقرار رہا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 33 ہزار کی حد بھی عبور کرگیا اور انڈیکس 1836 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 33049 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔