آر ایس ایس اور بی جے پی کی فاشسٹ پالیسی خطے کے لیے سنگین خطرہ ہیں: وزیر اعظم
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کو نشانہ بنانے کے لیے فالس فلیگ آپریشن کا بہانہ ڈھونڈ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بھارت کی جارحانہ پالیسیاں خطے کے امن کو تباہ کرسکتی ہیں۔
کشمیریوں کی مزاحمت بھارتی مظالم کا براہ راست نتیجہ ہے، لائن آف کنٹرول پر دراندازی کے بھارتی الزامات بے بنیاد ہیں، یہ ایک خطرناک ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف حملے کے لیے مسلسل بہانہ تراشنے کی کوشش کی جا رہی ہے، عالمی دنیا خبردار رہے۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کی فاشسٹ پالیسیاں پاکستان سمیت پورے خطے کے لیے سنگین خطرہ ہیں، بین الاقوامی برادری بھارت کی خطرناک حرکات سے پہلے کارروائی کرے۔
خیال رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے بھی گزشتہ روز بھارتی الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے۔