ہم سب سندھ حکومت کے فیصلے کے پابند ہیں: مفتی تقی عثمانی
کراچی: ممتاز عالم دین، مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے کہ وہ سندھ حکومت کے باجماعت نماز کے اجتماعات سے متعلق فیصلے کے پابند ہیں اور عوام کو بھی اس کی پابندی کرنی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ماہرین کی رائے اور طبی بنیادوں پر کیا گیا ہے، اس کے پیچھے کوئی عناد نہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ گو نمازیوں کی تعداد کی شرط ہماری رائے کے خلاف ہے، تعداد بڑھانی چاہیے تھی، مگر سندھ حکومت نے فیصلہ کرلیا، تو ہم اس کی پابندی کرنے پر مجبور ہیں۔ ہم کوئی مزاحمت نہیں کریں گے۔
مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ یہ مساجد کو تالا لگانے والا معاملہ قطعی نہیں، ایسا کوئی اقدام علما کو گوارا نہیں ہوتا، بالخصوص موجودہ حالات میں ایسا کرنا مزید نقصان کا سبب بنے گا۔ البتہ موجودہ فیصلے میں ایسی کوئی بات نہیں کی گئی اور مساجد نہ آنے والوں پر اس کا گناہ نہیں ہوگا۔