کورونا وائرس: سعودی عرب میں پہلا ڈاکٹر جاں بحق، تعلق پاکستان سے تھا!
ریاض: کورونا وائرس کے خلاف سعودی عرب میں فرنٹ لائن پر کام کرنے والے پہلے ڈاکٹر جاں بحق، ان کا تعلق پاکستان سے تھا۔
عرب خبر رساں ادارے نے بتایا، پاکستانی سرجن نعیم چوہدری سعودی عرب میں کورونا سے لڑنے والوں میں پہلے ڈاکٹر ہیں جو وائرس میں مبتلا ہوکر انتقال کرگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق جنرل سرجن ڈاکٹر نعیم چوہدری مکہ کے مقامی ہسپتال میں فرائض انجام دے رہے تھے اور ان کا انتقال دو روز قبل مکہ میں ہوا۔
مکہ کے شعبہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر وائل حمزہ نے کہا کہ ڈاکٹر نعیم چوہدری کے انتقال پر انتہائی افسوس ہے، مکہ شہر نے انتہائی باصلاحیت سرجن کو کھودیا ہے۔
انہوں نے ڈاکٹر نعیم چوہدری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والوں میں ڈاکٹر نعیم نے انتہائی اہم کردار ادا کیا، وہ فرائض کی انجام دہی کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے جب کہ وہ صرف ہائی بلڈ پریشر کے مریض تھے۔
ڈاکٹر نعیم چوہدری کے سوگواران میں ایک بیوی اور تین بیٹیاں ہیں جو مکہ میں ہی مقیم ہیں۔