کورونا وائرس، بلاول کی وفاق کو بڑی پیشکش
کراچی: کورونا وائرس سنجیدہ مسئلہ اس پر پوائنٹ اسکورنگ کی ضرورت نہیں، وزیراعظم پر تنقید کا نہیں بلکہ انہیں قائل کرنے کا وقت ہے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اب تک اس موذی مرض میں مبتلا دو پاکستانی جاں بحق ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس زیادہ تر بزرگوں کو متاثر کرتا ہے۔ افراتفری پھیلانے سے اجتناب کیا جائے۔ سندھ میں کورونا وائرس سے نمٹنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔ چین میں وائرس پھیلا تو سندھ حکومت نے اسی وقت تیاریاں شروع کردی تھیں۔
بلاول نے بتایا کہ حکومت سندھ نے ایران سے آنے والوں کی فہرست مانگی۔ تفتان سے آنے والوں کو آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا۔ وفاق اور دیگر صوبائی حکومتوں کی بھی انسداد کورونا پر پوری توجہ ہونی چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے موجودہ صورتحال کا مل کر مقابلہ کرنا ہے۔ وفاقی حکومت کٹس کے لیے صوبوں کی مدد کرے۔ سندھ حکومت کی جانب سے دباؤ کم کرنے کے لیے بڑا فیلڈ ہسپتال بنایا جائے گا۔ کورونا سے متاثرہ افراد کی ذمے داری سندھ حکومت پر ہے۔ ہم متاثرین کے گھروں تک کھانا پہنچائیں گے۔ شہریوں کی صحت کا تحفظ بھی سندھ حکومت کی ذمے داری ہے۔ ہم ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف کا بھی خیال رکھیں گے۔ موجودہ حالات میں مل کر کام کرنا ہوگا۔ وزیراعظم کی تقریر میں ضروری اقدامات کا تذکرہ نہیں تھا۔ تاہم یہ وقت ان پر تنقید کرنے کا نہیں بلکہ انہیں قائل کرنے کا ہے۔ ہمیں اس وقت اپنے شہریوں کا سوچنا، وفاق اور وزیراعظم کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔ عمران خان ہی ہمیں لیڈ کریں گے۔ وفاق قیادت دکھائے اور ہم سب کو ساتھ لے کر چلے۔