کورونا زدگان 66 ہزار سے متجاوز، 1395 جاں بحق

اسلام آباد: ملک میں کورونا کیسز اور اس باعث اموات سُرعت سے بڑھنے لگے، ایک روز میں عالمی وبا سے مزید 78 افراد زندگی کی بازی ہارگئے جو نیا ریکارڈ ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 12 ہزار 20 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، اس طرح مجموعی طور پر پانچ لاکھ 32 ہزار 37 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 2 ہزار 429 کیسز رپورٹ ہوئے۔ جس کے بعد ملک میں کورونا کے مجموعی مصدقہ مریضوں کی تعداد 66 ہزار 457 ہوگئی جن میں سے 24 ہزار 131 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔ پنجاب میں کورونا کے 24 ہزار 104، سندھ میں 26 ہزار 113، خیبرپختونخوا میں 9 ہزار 67، بلوچستان میں 4 ہزار 87 کیسز، اسلام آباد میں کورونا کے 2 ہزار 192، گلگت بلتستان 660، آزاد کشمیر میں 234 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے باعث مزید 78 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جو ملک میں ریکارڈ ہے۔ ملک میں اب تک کورونا وبا سے ایک ہزار 395 اموات ہوچکی ہیں۔
کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جہاں 445 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 427، پنجاب میں 439، اسلام آباد میں 23، گلگت بلتستان میں 9، بلوچستان میں 46 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد اس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔