کورونا بحران: متاثرین 76 ہزار سے متجاوز، 1621 جاں بحق
اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا کے 3938 نئے کیس سامنے آگئے اور 78 افراد اس وبا کے باعث انتقال کرگئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 16 ہزار 548 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 5 لاکھ 77 ہزار 94 ٹیسٹ کیے جاچکے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 3 ہزار 938 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 76 ہزار 398 تک جاپہنچی جن میں سے 27 ہزار 110 مریض صحت یاب ہوچکے۔
کورونا کے پنجاب میں 27 ہزار 850، سندھ میں 29 ہزار 647، خیبرپختون خوا میں 10 ہزار485، بلوچستان میں 4 ہزار 515، اسلام آباد میں 2 ہزار 893، گلگت بلتستان 738 اور آزاد کشمیر میں 271 کیسز ہوگئے۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ایک روز میں کورونا سے مزید 78 مریض زندگی کی بازی ہار گئے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد ایک ہزار 621 ہوگئی۔
کورونا وبا کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئیں جہاں 497 افراد جان کی بازی ہار چکے۔ سندھ میں 481، خیبر پختونخوا میں 473، اسلام آباد میں 28، گلگت بلتستان میں 11، بلوچستان میں 47 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد اس وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔