کورونا بحران، سندھ میں صورت حال سنگین، ہر چوتھے شخص کا ٹیسٹ مثبت

کراچی: سندھ میں کورونا وبا تیزی سے اپنے پنجے گاڑ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے گئے ٹیسٹس میں سے 25 فیصد کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔
سندھ میں کورونا کی صورت حال سے متعلق اپنے بیان میں مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6995 ٹیسٹ کیے گئے، جس کے نتیجے میں 1745 نئے کیسز سامنے آئے، 1745 نئے کورونا کیسز کا آنا ٹیسٹوں کا 25 فیصد ہے، اب تک صوبے میں 2 لاکھ 46 ہزار 517 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں 41 ہزار 303 کیسز آئے۔ آج مزید 759 مریض ٹھیک ہوکر گھروں کو چلے گئے، جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 19896 ہوگئی ہے، آج تک 20711 مریض زیرعلاج ہیں، جن میں سے 19 ہزار 201 اپنے گھروں، ایک ہزار 461 مختلف اسپتالوں جب کہ 41 مختلف مراکز میں زیرعلاج ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 17 مریض انتقال کرگئے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 696 ہوگئی ہے، اس وقت 466 مریض تشویش ناک حالت میں ہیں، جن میں 71 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے کراچی میں 1184 نئے کیسز آئے ہیں، ضلع شرقی 362، وسطی 256، جنوبی میں 223، ملیر 123، غربی 113 اور کورنگی میں 107 مزید کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ سکھر 101، حیدرآباد 48 ، گھوٹکی میں 24، جیکب آباد اور دادو 15،15، جامشورو میں 14، شکارپور 13، خیرپور 12، کشمور میں 9، سجاول اور عمر کوٹ میں 6،6 ، قمبر 5 اور نوشہرو فیروز میں 3 ، میرپورخاص، ٹنڈو الہیار، ٹنڈو محمد خان اور ٹھٹھہ میں 2،2 اور سانگھڑ میں ایک کیس رپورٹ ہوا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی، سکھر، حیدرآباد، بدین، گھوٹکی اور دیگر شہروں میں کیسز بڑھتے جارہے ہیں، احتیاطی تدابیر نہ کرنے سے صورت حال ابتر ہوتی جارہی ہے، خدارا ایس او پی پر عمل کریں اپنی اور دوسروں کی زندگی بچانے میں حکومت کی مدد کریں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔