کرونا کا علاج ’الو‘ سے ہوسکتا ہے،بھارت میں بزرگ شہری کا عجیب دعویٰ
نئی دہلی: کرونا وائرس کی وبا پھیلنے سے اب تک سوشل میڈیا پر لوگوں کی جانب سے جعلی خبریں پھیلائی جارہی ہیں جن میں کرونا وائرس سے بچنے کے متعدد ٹوٹکے بتائے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کا ابھی تک کوئی علاج دریافت نہیں ہوسکا ہے اور مختلف ممالک میں سائنسدان مذکورہ وبا کے علاج کے لیے ویکسین کی تیاریوں میں مصروف عمل ہیں لیکن ابھی تک اس میں کسی کو کامیابی نہیں مل سکی ہے۔بھارت میں کرونا وائرس کو بھگانے کے لیے ہوائی فائرنگ اور سیاست دان کی جانب سےگو کرونا گو ریلی نکالے جانے کے بعد اب ایک معمر شہری نے کرونا وائرس کا انوکھا ہی علاج بتادیا، بزرگ شہری نے ’اُلو‘ سے کرونا وائرس کا علاج بتا کر سب کو ورطہ حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔ بھارتی پولیس نے جب بزرگ شہری کی کلاس لی تو انہوں نے اپنے ہی علاج کو بکواس قرار دیتے ہوئے یوٹرن لے لیا اور کہا کہ کرونا وائرس کا علاج الو میں نہیں بلکہ صرف ڈاکٹروں کے پاس ہی ہے جو بھی وائرس میں مبتلا ہو وہ ڈاکٹرز سے رجوع کرے۔