پاکستان میں کورونا مریض 59 ہزار سے زائد، 1225 جاں بحق
اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 59 ہزار 148 ہوگئی جب کہ 1225 افراد جاں بحق ہوچکے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 8 ہزار 491 ٹیسٹ کیے گئے اور مزید 1446 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
عالمی وبا کے اب تک پنجاب میں 21 ہزار 118، سندھ میں 23 ہزار 507، خیبر پختونخوا میں 8 ہزار 259، بلوچستان میں 3 ہزار 536، اسلام آباد میں ایک ہزار 879، گلگت بلتستان میں 638 جب کہ آزاد کشمیر میں 214 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے شکار مزید 28 افراد لقمۂ اجل بن گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 1225 ہوگئی جبکہ 19 ہزار 142 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ اموات ہوئیں جہاں 416 افراد جان کی بازی ہار چکے۔ سندھ میں 374، پنجاب میں 362، اسلام آباد میں 18، گلگت بلتستان میں 9، بلوچستان میں 42 اور آزاد کشمیر میں 4 افراد کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔