پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل چوتھے روز زبردست تیزی
کراچی: رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، مسلسل چوتھے روز بڑھوتری نظر آئی، 100 انڈیکس 839.12 پوائنٹس بڑھ گیا جس کے بعد 31 ہزار کی نفسیاتی حد بھی بحال ہو گئی۔ سرمایہ کاروں کو 130 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔انڈیکس کا آغاز ہی مثبت انداز میں ہوا، پہلے ڈیڑھ گھنٹے کے دوران انڈیکس میں 800 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی جس کا تسلسل چلتا رہا ایک موقع پر یہ تیزی 1 ہزار پوائنٹس سے بھی بڑھ گئی تھی۔انڈیکس 31817.10 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بھی دیکھا گیا تھا تاہم تیزی کے تسلسل میں وقتی طور پر بریک لگا اور انڈیکس کو ریورس گیئر لگ گیا۔کاروبار کے اختتام پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 839.12 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 31621.79 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 2.73 فیصد بہتری دیکھی گئی۔تیزی کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی 9 حدیں بحال ہوئیں۔ بحال ہونے والی حدوں میں 30800، 30900، 31000، 31100، 31200، 31300، 31400، 31500، 31600 کی حدیں شامل ہیں جبکہ آج پورے کاروباری روز کے دوران 18 کروڑ 64 لاکھ 99 ہزار 663 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے بعد سرمایہ کاروں کو قریباً 130 ارب روپے کا فائدہ ہوا۔