ٹڈی دَل کا خاتمہ، فوج سول انتظامیہ کی مدد کے لیے ہر وسیلہ فراہم کرے گی، آرمی چیف
راولپنڈی: آرمی چیف نے کہا ہے کہ حکومت ٹڈی دَل کنٹرول کرنے کے لیے قومی ایمرجنسی کا اعلان کر چکی ، پاک فوج سول انتظامیہ کی مدد کے لیے ہر وسیلہ فراہم کرے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات انسداد ٹڈی دَل سینٹر کے دورے کے دوران کہی۔ اس موقع پر آرمی چیف کو لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز نے صورت حال پر بریفنگ دی۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ معیشت پر منفی اثرات کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات کیے جانے چاہئیں جب کہ ملک میں غذائی تحفظ یقینی بنانے کے لیے بھی موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے سینٹر کی نیشنل ایکشن پلان کے تحت قومی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ٹڈی دَل کے خاتمے کے لیے سول انتظامیہ کی مدد کے لیے ہر وسیلہ فراہم کرے گی۔