ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ خدشات کی زد میں
سڈنی: آسٹریلیا میں کورونا کیسز کم ہونے کے باوجود ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ پر چھائے خدشات کے سائے نہ چھٹ پائے، ایونٹ کے مستقبل پر کرکٹ کے بڑے پھر غور کریں گے، 28 مئی کو آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا، بھارت آئی پی ایل کی وجہ سے التوا پر ڈٹ گیا، ٹورنامنٹ کو 2022 میں منتقل کرنے کی تجویز بھی پیش ہوگی۔
ٹیلی کانفرنس میں کھیل کے دیگر معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔ اس سے قبل انیل کمبلے کی زیر سربراہی کرکٹ کمیٹی کی میٹنگ بھی ہوگی۔ ادھر آسٹریلوی کرکٹرز کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا رواں سال انعقاد مشکل نظر آنے لگا، ڈیوڈ وارنر کا کہنا ہے کہ 16 ٹیموں کو یکجا کرنا آسان نہیں ہوگا، ایرون فنچ نے کہا کہ ایک، 2 یا 3 ماہ بعد بالآخر میگا ایونٹ کو ملتوی کرنا پڑے گا، کرس لین نے کہا کہ انتظامی امور جوئے شیر لانے کے مترادف ہوں گے۔ ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ رواں برس 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک آسٹریلیا میں شیڈول ہے۔
کورونا وائرس سے ایونٹ پر مسلسل بے یقینی کے بادل چھائے ہوئے ہیں، اب 28 مئی کو آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں تمام ممکنہ آپشنز پر غور کیا جائے گا، ٹورنامنٹ کو 2022 میں منتقل کرنے کی تجویز بھی پیش ہوگی، حال ہی میں ہونے والے ایگزیکٹیوز کمیٹی اجلاس کی طرح بورڈ ڈائریکٹرز بھی ٹیلی کانفرنس کے ذریعے تبادلہ خیال کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیلی کانفرنس میں ایونٹ کی منسوخی جیسے کسی بھی حتمی فیصلے کا کوئی امکان نہیں، البتہ التوا ممکن ہوگا، بورڈ موجودہ صورت حال کا جائزہ لے گا جب کہ مقامی آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے اپ ڈیٹس بھی فراہم کی جائیں گی، جس سے زمینی حقائق کو سمجھنے میں مدد ملے گی، اسی طرح کورونا وائرس کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں ہنگامی پلانز پر بھی غور کیا جائے گا۔