نابینا بزرگ کے ٹھیلے پر وزیر اعلی پہنچ گیا
CM sindh visit
کراچی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے طارق روڈ پررحمانیہ مسجد قبرستان کے پاس خان کولڈ کے نام سے واقع دکان کے نابینا بزرگ مالک کی شکایت پر ایکشن لے لیا،ضلعی انتظامیہ کونابینا بزرگ شخص کی رزق حلال کے لیے جدوجھد کو محنت اورعظمت کی بہترین مثال قراردیتے ہوئے اس کی ہمت افزائی کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اتوارکوصوبائی وزیر سیدناصرحسین شاہ کے ہمراہ شہرکے اچانک دورے پرتھے کہ طارق روڈ رحمانیہ مسجد قبرستان کے قریب خان کولڈ کے نام سے کولڈ ڈرنک فروخت کرنے والے ایک بوڑھے شہری کی شکایت پرمبنی بورڈ آویزاں دیکھا،بورڈ پروزیراعلی سندھ سمیت اعلی حکام سے اپیل کی گئی تھی کہ میں ایک نابینا بورھا شخص ہوں اورفٹ پاتھ پرمشروف فروخت کرتا ہوں،بزرگ دکاندارکی جانب سے شہری انتظامیہ سے اسے ہراساں نہ کرنے کی اپیل کی گئی تھی وزیراعلی سندھ کولڈ ڈرنک کارنر پر رُک گئے اور وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی وزراء اور دیگر دوستوں کے ہمراہ کولڈ ڈرنک خریدی اور کولڈ ڈرنک کے پیسے دینے کے بعد بزرگ شخص سے کہا میں وزیراعلیٰ سندھ ہوں، آپ کو کون تنگ کرتا ہے،بزرگ نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ پولیس، انتظامیہ تنگ کرتی ہے جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے اے ڈی سی ون ایسٹ، ایس ایس پی ایسٹ اور ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کو اسی وقت فون کرکے بزرگ کو تنگ نہ کرنے کی ہدایت کی اورکہاکہ جب بھی اس بزرگ کے اسٹور پر آئیں ان سے خریداری کریں، یہ بزرگ نابینا ہونے کے باوجود اپنے بچوں کیلئے رزق حلال کما رہا ہے اوریہ بزرگ شخص رزق حلال اور محنت کی بہترین مثال ہے،ہمیں اس کی ہمت افزائی کرنی چاہئے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے فوری طور پر احکامات جاری کئے کہ خان صاحب کو ان کے کاروبار کو باعزت طریقے سے انجام دینے میں سہولت فراہم کی جائے. اس موقع پر میر شبیر بجارانی، تیمور تالپور، مرتضیٰ وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔