میگا کرپشن اسکینڈلز کے 24 ملزمان ضمانت پر رہا
اسلام آباد: کورونا وائرس ایمرجنسی کے پیش نظر اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب میگا کرپشن اسکینڈلز کے 24 ملزمان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس ہائی کورٹ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔ عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس کے مرکزی ملزم حسین لوائی، طحہٰ رضا، ملزم مصطفیٰ ذوالقرنین، خواجہ سلیمان، فیصل ندیم، امان اللہ، ڈاکٹر ڈنشا، نعمان قریشی کی ضمانت منظور کی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا ان جرائم میں زیادہ سے زیادہ سزا 14 سال قید ہے۔
نیب نے ملزمان کو ضمانت پر رہا کرنے کی مخالفت کی جس پر عدالت نے کہا آپ انڈر ٹرائل ملزمان کو جیل میں کیوں رکھنا چاہتے ہیں ؟ قیدیوں میں وبا پھیل گئی تو ذمہ دار کون ہو گا ؟ آپ کو معلوم ہے ایک بیرک میں کتنے قیدی ہیں ؟ تفتیشی افسر کو جیل میں تفتیش کا حکم جاری کر دیتے ہیں، غیرمعمولی حالات ہیں، غیر معمولی فیصلے کرنے ہوں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا جرم ثابت ہونے، سزا ملنے تک انڈر ٹرائل ملزمان بے گناہ تصور ہوتے ہیں، آپ اچھی پراسیکیوشن کے بعد ملزمان کو زیادہ سے زیادہ سزا دلوائیں، بدقسمتی ہے حکومت اپنا کام نہیں کررہی، حکومت کا کام بھی عدالتوں کو کرنا پڑ رہا ہے۔