ملک بھر میں کورونا زدگان 14 ہزار سے متجاوز، 301 جاں بحق
اسلام آباد / کراچی: پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے باعث لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 301 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے وار جاری ہیں اور 24 گھنٹوں کے دوران مزید 751 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی۔ جس کے بعد کورونا کیسز کی تعداد 14 ہزار 79 ہو گئی، تاہم اس میں سے 3233 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا کی تشخیص کے لیے اب تک ایک لاکھ 57 ہزار 223 ٹیسٹ کیے گئے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے شبے میں 6417 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 751 میں اس کی تشخیص ہوئی اور اب ملک بھر میں اس وائرس کے شکار افراد کی تعداد 14 ہزار 79 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں سب سے زیادہ مریض پنجاب میں ہیں، جہاں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5640 ہے، سندھ میں 4956، خیبرپختونخوا 1984، بلوچستان میں 781، اسلام آباد میں 261، گلگت بلتستان میں 320 جب کہ آزاد کشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 65 ہوگئی ہے۔
اب تک ملک بھر میں کورونا وائرس کے شکار 301 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھرمیں کورونا کے 111 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ خیبرپختونخوا میں کورونا سےانتقال کرنے والوں کی تعداد104 ہوگئی۔ سندھ میں 85، پنجاب میں 91، بلوچستان میں14 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 3 ہے۔
ملک بھر میں جہاں عام افراد کورونا وائرس کا شکار ہورہے ہیں وہیں صحت کے شعبے سے وابستہ 399 افراد کو بھی اب تک یہ وائرس اپنا نشانہ بناچکا ہے۔