فوج کورونا کو روکنے کے لیے سول انتظامیہ سے تعاون جاری رکھے گی، آرمی چیف
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سول انتظامیہ سے ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنر ل قمرجاوید باجوہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا، جہاں ڈی جی پلاننگ این سی اوسی جنرل آصف محمود گورایا کی جانب سے انہیں فوج کو جاری سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فوج کو کورونا وبا کے پاکستان میں متوقع پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات سے آگاہ کیا گیا، وائرس سے پیدا صورتحال، نیشنل کمانڈ کے فیصلوں، سول انتظامیہ کی مدد و تعاون اور ٹیسٹنگ وقرنطینہ سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پرآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا کی روک تھام کیلئےمحدود وسائل میں کیےگئےاقدامات اورکوششوں کی تعریف کی اور این سی او سی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کورونا کے خطرے سے متعلق جائزے کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاک فوج کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے اور عوام کی مدد کے لئے سول انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
آرمی چیف نے ہدایت جاری کی کہ پاک فوج رمضان میں دوسرےاداروں سے مل کر قوم کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرے اور کورونا وائرس کے معاشی، سماجی اور نفسیاتی اثرات پر بھی نظررکھی جائے۔