طیارہ حادثے کی شفاف، غیر جانبدار انکوائری میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نے کراچی طیارہ حادثے کی انکوائری رپورٹ سے عوام کو باخبر رکھنے کا حکم دیتے ہوئے متاثرین کو یقین دلایا کہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
پی آئی اے طیارہ حادثے پر وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء، سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کے اعلی حکام شریک ہوئے، اجلاس میں وزیراعظم کو پی آئی اے طیارہ حادثے سے متعلق ابتدائی تحقیقات پر بریفنگ دی گئی اور زخمیوں کو فراہم کردہ سہولتوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے طیارہ حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا عید کے موقع پر یہ حادثہ قوم کے لیے ایک بڑا سانحہ تھا، دکھ کی گھڑی میں غم زدہ خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں، انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ متاثرین کو یقین دلاتا ہوں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے، حادثے کی شفاف، غیر جانبدار انکوائری میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور واقعے سے جڑے حقائق کو ہر صورت منظر عام پر لائیں۔
وزیراعظم نے طیارہ حادثے کی انکوائری رپورٹ سے عوام کو باخبر رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا رپورٹ میں سامنے آنے والے حقائق اور تفصیلات سے عوام کو آگاہ کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں ہونے والے تمام حادثوں کی رپورٹ بھی منظرعام پر لائی جائیں اور عوام کو اس حوالے سے حقائق سے آگاہی میسر آسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید مسافروں کے خاندانوں کو سہولت، معاوضہ یقینی بنایا جائے، جن کے گھر یا املاک متاثر ہوئے انہیں بھی مدد فراہم کی جائے جب کہ انہوں نے اصلاحات کا بھی عندیہ دیتے ہوئے کہا سی اے اے، پی آئی اے، متعلقہ اداروں میں اصلاحات کا عمل تیز کیا جائے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پی آئی اے کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب ماڈل کالونی جناح گارڈن میں رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر جاں بحق جبکہ 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔