طیارہ حادثے میں کوتاہی ثابت ہونے پر مستعفی ہوجاؤں گا، وزیر ہوابازی
کراچی: وزیر ہوابازی نے کہا ہے کہ پی آئی اے پرواز 8303 حادثہ میں کوتاہی ثابت ہوئی تو ضرور مستعفی ہوں گا۔
وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پی آئی اے کے سی ای او کے ہمراہ کراچی میں طیارہ حادثہ کے مقام کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔
غلام سرور خان نے کہا کہ پائلٹ نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی کہ جانی نقصان کم سے کم ہو، اس نے رن وے پر جانے کی پوری کوشش کی لیکن جب تک دیکھا کہ وہاں تک پہنچنا محال ہے تو تنگ گلی میں اتارا، واقعے میں متاثر ہونے والے گھروں اور گاڑیوں کی مرمت کا خرچہ حکومت برداشت کرے گی اور شہریوں کا مالی نقصان پورا کرے گی۔
وزیر ہوابازی نے کہا کہ حادثے کی مکمل تحقیقات ہوگی، حکومت کی پوری کوشش ہوگی کہ حقائق جلد از جلد قوم اور پارلیمنٹ کے سامنے رکھے جائیں، انکوائری کمیٹی کم از کم وقت میں انی تحقیقاتی مکمل کرے گی، اگر کوئی ہوا بازی کا ماہر ہے تو وہ کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر اپنی رائے دے، لیکن میڈیا میں قیاس آرائیوں سے گریز کرے۔
وزیر ہوابازی نے مکمل غیر جانبدار اور شفاف انکوائری کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ واقعے میں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو سمیت کوئی بھی شخص اور ہماری کوتاہی ثابت ہوئی تو ضرور استعفی دیں گے اور خود کو احتساب کے لیے پیش کریں گے۔