شہباز کی نیب پیشی، ایک گھنٹہ تحقیقات
لاہور: شہباز شریف منی لانڈرنگ کیس میں آج نیب میں پیش ہوئے، جہاں ان سے ایک گھنٹہ تک تحقیقات کی گئیں، سابق وزیراعلیٰ پنجاب سے 37 سوالات کیے گئے جن میں سے وہ صرف 4 کے جواب دے سکے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے نیب تحقیقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، شہباز شریف ایک گھنٹہ تک نیب ٹیم کے سامنے موجود رہے۔ انہوں نے دوران تفتیش کیمرہ ہٹانے کا مطالبہ کیا، نہ ہٹانے پر شہباز شریف اٹھ کر باہر چلے گئے تاہم بعدازاں کچھ سوچ کر خود ہی واپس آگئے۔
نیب ٹیم نے شہباز شریف کے لیے 37 سوالات تیار کر رکھے تھے جن میں سے وہ صرف 4 کے جوابات دے سکے۔ نیب ٹیم کی جانب سے کہا گیا کہ آپ کے خلاف 7 ارب روپے کا ریفرنس تیار ہے، کوئی جواب ہے تو بتادیں، جس پر شہباز شریف نے صرف اتنا کہا کہ میں نے ایک روپیہ تنخواہ نہیں لی۔
دھیان رہے کہ اس سے قبل شہباز شریف کو 2 جون کو طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہ ہوئے اور لاہور ہائی کورٹ سے 17 جون تک عبوری ضمانت حاصل کرلی۔ عدالت نے نیب کو شہباز شریف کی گرفتاری سے روک دیا تھا۔