شاہ محمود کا چینی وزیرخارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ، کورونا اور دیگر امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: شاہ محمود قریشی نے چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے کورونا وبا کی صورت حال، علاقائی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ۔
چینی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس نے عالمی معیشت کو بری طرح متاثر کیا۔ کمزور معیشتوں پر اس کے اثرات کے باعث وزیراعظم نے قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کی تجویز دی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس طرح یہ ممالک محدود وسائل کے باوجود وبائی چیلنج کا مقابلہ کر سکیں گے۔ جی 20 فورم کا واجب الادا قرضوں میں سہولت کے معاملے پر غور قابلِ تحسین ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ کاوشوں اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق رائے کیا۔