سندھ حکومت تمام ایس او پیز کو مدنظر رکھ کرکاروبار کی اجازت دینا چاہتی ہے ، سعید غنی

کراچی: وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ تاجر برادری نے صوبے بھر میں کاروباری اور تجارتی مراکز 13 سیکٹرز میں مرحلہ وار گروپ کے تحت کھولنے کی تجاویز دی ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر وزراء کی قائم کردہ کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ مرتب کرلی اور اتوار کو اسے کرونا وائرس کے حوالے سے بنائی گئی ٹاسک فورس کے سامنے رکھا جائے گا۔ خواہش ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کو اس سلسلے میں رپورٹ پیش کی جائے تاکہ پورے ملک میں ایک ہی ایس او پی کے تحت حتمی فیصلہ کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کمشنر ہاؤس کراچی میں منعقدہ اجلاس کی صدارت اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کی قائم کردہ وزراء کمیٹی کے ارکان صوبائی وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ، صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ، چیئرمین ایس آر بی خالد محمود، کمشنر کراچی افتخار شالوانی بھی موجود تھے، کمیٹی کے رکن و وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ بھی بعد ازاں اجلاس میں پہنچے۔ اجلاس میں تاجر وں کی جانب سے رضوان عرفان، حبیب شیخ، عتیق میر، شرجیل گوپلانی، جمیل پراچہ، حماد پونا والا، حکیم خان، ہارون چاند، محمد ارشد، سلیم میمن، عبدالکریم قریشی، عبدالرحمان خان، الیاس میمن، اسلم بھٹی اور رانا اکرم نے شرکت کی۔
وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ ہم ان تاجروں کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے حکومتی فیصلے کے بعد ایک ماہ تک اپنا کاروبار بند رکھا ہوا ہے اور کورونا وبا سے نبردآزما ہونے کے لیے سندھ حکومت کی ہدایات پر عمل درآمد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کاروباری اور تجارتی مراکز کو مرحلہ وار کھولنے اور اس کے لیے تمام ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کو کاروبار کی اجازت دینا چاہتی ہے اور اسی لیے ان سے تجاویز بھی مانگی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تاجر رہنماؤں کی جانب سے مختلف کاروبارکو 13 مختلف سیکٹرز میں تقسیم کرکے تجاویز دی گئی ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ ہماری تاجر برادری بھی اس پر متفق ہے کہ موجودہ صورتحال میں ایک ساتھ تمام کاروبار کو نہیں کھولنا چاہیے۔ تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ ابتدائی رپورٹ کو بروز اتوار وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں بنائی گئی ٹاسک فورس اجلاس میں رکھا جائے گا اور اس کے بعد حتمی رپورٹ مرتب کرکے ایک بار ان تاجر رہنماؤں سے مشاورت کے بعد اسے وزیر اعظم کو بھیجا جائے گا۔
ایک سوال پر سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت کورونا وبا سے نمٹنے کے حوالے سے تمام وسائل کو بروئے کار لارہی ہے ،اس کے تحت راشن کی تقسیم سمیت دیگر امدادی سرگرمیاں بھی تیزی سے جاری ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔