سعودی عرب میں کورونا وائرس کی لوکل ٹرانسمیشن پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا
ریاض : سعودی عرب میں کورونا وائرس کی لوکل ٹرانسمیشن پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا، پہلے ایک مریض 3 سے 4 لوگوں کو متاثر کر رہا تھا لیکن پابندیوں کے باعث اب یہ شرح ایک مریض سے ایک شخص تک رہ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی کے مطابق سعودی عرب کورونا کی وبا سے اطمینان بخش حد تک محفوط ہورہا ہے، پہلے ایک مریض سے 3 سے 4 لوگوں کو یہ وائرس منتقل ہورہا تھا لیکن اب یہ شرح ایک مریض سے ایک شخص تک ہی محدود ہوگئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اگر کسی وبائی مرض کے دوران ایک مریض سے ایک سے زیادہ لوگ متاثر ہورہے ہوں تو یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وبا بے قابو ہے لیکن بروقت اقدامات کے باعث سعودی عرب کافی حد تک محفوظ ہوگیا ہے۔ جب وائرس کے پھیلاؤ کی شرح کم ہونا شروع ہوجائے تو یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وائرس کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے۔