روسی فوج کا ہیلی کاپٹر رن وے سے ٹکرا کر تباہ، 4 اہلکار ہلاک
ماسکو: ہنگامی لینڈنگ کے دوران روسی فوج کا ہیلی کاپٹر رن وے سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 4 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
روسی میڈیا کے مطابق چھوکوٹکا کے علاقے میں فوجی ہیلی کاپٹر کو فنی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی اور اس دوران تیز رفتار ہیلی کاپٹر عمودی سمت میں رن وے سے ٹکراگیا، جس سے ہیلی کاپٹر میں آگ بھڑک اُٹھی۔
آتشزدگی کے باعث چاروں فوجی اہلکار جل کر ہلاک ہوگئے۔ ریسکیو اداروں نے ہیلی کاپٹر کے ملبے سے مسخ شدہ لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا جب کہ ہیلی کاپٹر کے ملبے کو رن وے سے ہٹا دیا گیا۔
روسی فضائیہ کے ترجمان نے حادثے کی وجہ ہیلی کاپٹر میں فنی خرابی کو قرار دیا جب کہ لاشوں کو فرانزک لیب منتقل کیا گیا ہے جہاں ڈی این اے میچنگ کے بعد لاشیں لواحقین کے حوالے کی جائیں گی۔