درزیوں، پلمبرز، مکینکس ،حجاموں وغیرہ کے لیے بڑی خبر، دُکانیں کھول سکیں گے!
اسلام آباد: ہنر سے متعلق تجارت اور کاروبار کی اجازت دیتے ہوئے حکومت نے کہا ہے کہ درزی، پلمبر، الیکٹریشن، مکینک اور حجام دُکانیں کھول سکیں گے۔اس کے علاوہ تعمیرات سے منسلک شعبے بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم فلائٹ آپریشن، پبلک ٹرانسپورٹ اور عوامی مقامات بند رہیں گے۔
حماد اظہر کا بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ کیمیکلز پلانٹ، سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ پروگرامز، سیمنٹ پلانٹ، مائنز اور منرل، لانڈریز سروس، نرسریاں، آلات بنانے والے یونٹ اور شیشہ بنانے والی صنعتوں کو کھولا جائے گا۔ یہ سب صنعتیں حفاظتی تدابیرکے ساتھ کھولی جائیں گی۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ الیکٹریشن، پلمبر، حجام اور ریڑھی لگانے والوں کو بھی کاروبار کی اجازت ہوگی۔ تمام ایکسپورٹ انڈسٹری جبکہ اسٹیشنری کی دکانوں کو بھی کھولا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ کنسٹرکشن کو کھولنے کے حوالے سے صوبوں میں اتفاق ہے۔ رمضان شروع ہونے سے پہلے صورتحال کا جائزہ لیں گے، اگر مزید صنعتیں کھولنا ہوں گی تو ان کو بھی کھولیں گے۔