ثناء میر عالمی کرکٹ سے ریٹائر

کراچی: پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
انہوں نے اپنے 15 سالہ کرکٹ کیرئیر کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ تہہ دل سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی شکر گزار ہیں جس نے انہیں 15 سال ملک کی نمائندگی کرنے کا موقع دیا، یہ ان کے لیے بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔
سابق ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ثناء میر نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز اور گرین جرسی زیب تن کرنا قابل فخر لمحہ ہوتا ہے، اب یہ وقت آگے بڑھنے کا ہے، ان شاء اللہ خدمت کا یہ سلسلہ کسی اور انداز میں جاری رہے گا۔
آل راؤنڈر نے اپنے کیرئیر میں 226 بین الاقوامی میچوں میں شرکت کی اور 2009-2017 تک 137 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان ٹیم کی قیادت کی۔ ثناء میر نے ایک روزہ کرکٹ کیرئیر کا آغاز دسمبر2005، کراچی میں سری لنکا کے خلاف کیا جب کہ آخری ایک روزہ میچ نومبر2019، لاہور میں بنگلادیش کے خلاف کھیلا۔
ثناء میر نے 120 ایک روزہ میچوں میں 151 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 1630 رنز بنائے، ثناء میر کا شمار ان 9 خواتین کرکٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں 100 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ 1000 رنز بنائے۔ اس فہرست میں آسٹریلیا کی لِسا اسٹالیکر کا پہلا نمبر ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے منتخب کردہ ٹیم میں ثناء میر شامل نہیں تھیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔