بھارت، پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے والی لڑکی کی ضمانت منظور
نئی دہلی: بھارت میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے والی لڑکی کی ضمانت منظور کرلی گئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے والی لڑکی امولیہ کو بنگلور ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا، انیس سالہ امولیہ پر بغاوت کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
اس سے قبل بدھ کے روز عدالت نے لڑکی کو ضمانت پر رہا کرنے سے انکار کردیا تھا تاہم مجسٹریٹ عدالت نے انہیں آج ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بنگلور پولیس 90 دن کی مدت میں اس کیس میں کوئی چارج شیٹ داخل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
واضح رہے کہ 20 فروری کو بنگلور کالج کی طالبہ نے متنازع شہریت قانون کے خلاف جلسے میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا تھا، جلسے میں اس وقت حیدرآباد کے رکن پارلیمںٹ اسد الدین اویسی بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ لڑکی کو اسٹیج پر بلایا گیا تو اس نے شرکا سے کہا تھا کہ میرے ساتھ نعرہ لگائیں پاکستان زندہ باد۔ یہ سنتے ہی مسلم رہنما اویسی نے لپک کر لڑکی سے مائیک چھین لیا مگر لڑکی مائیک لیے جانے کے بعد بھی نعرے لگاتی رہی۔
احتجاج کے دوران رونما ہونے والا یہ واقعہ انٹرنیٹ پر وائرل ہوا تھا جس کے بعد امولیہ لیونا اور اس کی فیملی کے خلاف وسیع سطح پر غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ لڑکی کے والد نے بتایا تھا کہ شدت پسند ہندوؤں کا ایک گروپ ان کے گھر پر آیا اور ان سے بھارت کے حق میں نعرہ لگانے کا مطالبہ کیا۔