ایک شخص کو دو بھاری ذمے داریاں سونپ دینا سمجھ سے باہر ہے، محمد یوسف
لاہور: ایک بار پھر محمد یوسف نے مصباح الحق کے دہری حیثیت پر سوال اٹھا دیا، سابق کپتان کا کہنا ہے کہ ایک ہی شخص کو دو بھاری ذمے داریاں سونپ دینا سمجھ سے باہر ہے، کوئی پلان نظر نہیں آتا،محمد حفیظ اور شعیب ملک کا آسٹریلیا میں ریکارڈ اچھا نہیں،دونوں کو قومی ٹیم میں واپس کیوں بلایا گیا۔
سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کو ہیڈ کوچ کے ساتھ چیف سلیکٹر کی ذمے داریاں بھی سونپی گئی ہیں، کئی سابق کرکٹرز اس کو مفادات کا ٹکراؤ قرار دیتے ہوئے ون مین شو کو پاکستان کرکٹ کے لیے نقصان دہ قرار دیتے رہے، ان میں محمد یوسف بھی شامل ہیں، سابق کپتان نے ایک انٹرویو میں اپنا موقف دہراتے ہوئے کہاکہ میری سمجھ سے بالاتر ہے کہ ایک ہی شخص کو اتنی بڑی ذمے داریاں ایک ساتھ کیوں دے دی گئیں، جس طرح وہ کام کررہے ہیں ،کوئی پلان نظر نہیں آتا۔ محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان کرکٹ نے پیچھے کی جانب سفر شروع کردیا ہے۔