اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑا فیصلہ، بین الاقوامی پروازیں بحال
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے بین الاقوامی فلائٹس بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مرحلہ وار انٹرنیشنل فلائٹس بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، کورونا وبا کے باعث لاکھوں پاکستانی روزگار سے محروم ہوئے جس کا دکھ ہے، حکومت پاکستان اپنے ہم وطن بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر عرب ممالک کے لیے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جہاں سے پاکستانیوں کی محفوظ وطن واپسی کے بعد اگلا مرحلہ شروع ہوگا، سب سے پہلے بے روزگار ہونے والے محنت کشوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔
اجلاس میں کورونا مریضوں کی ضرورت کی ادویہ اور انجکشنز کی زائد قیمتوں کی وصولی پر بحث ہوئی اور پٹرول کی قلت پر بھی گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر نے بتایا کہ پٹرول پمپس نے پٹرول ذخیرہ کیا ہوا ہے، جس پر کئی آئل کمپنیوں اور پٹرول پمپس کے خلاف کارروائیاں کی ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزارت پٹرولیم بحران کی ذمے داری قبول کرے اور فوری ذمے داروں کا تعین کرکے کارروائی کی جائے۔