اداکارہ ثمر رانا 14 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد و زیادتی کے الزام میں گرفتار

لاہور: اسٹیج اداکارہ ثمر رانا کو 14 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد و جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق گھریلو ملازمہ سے زیادتی کا مقدمہ تھانہ نواب ٹاؤن میں درج ہوا جس پر پولیس فوری حرکت میں آگئی اور اسٹیج اداکارہ ثمر رانا کو پولیس نواب ٹاؤن نے ملازمہ کے ساتھ تشدد و زیادتی کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
انویسٹی گیشن پولیس نے بتایا کہ ثمر رانا کے گھر 14 سالہ لڑکی کو پانچ افراد نے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا جب کہ ثمر رانا پر ملازمہ پر تشدد کرنے اور خوف زدہ کرنے کا الزام ہے۔
انویسٹی گیشن پولیس نواب ٹاؤن کے مطابق نامعلوم ملزمان لڑکی سے مبینہ زیادتی کی ویڈیوز بھی بناتے رہے۔
ایس پی انویسٹی گیشن صدر ڈویژن میاں معظم علی کا کہنا ہے کہ واردات میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں جب کہ ملازمہ اور اس کے گھر والوں کو ہر صورت انصاف دلوایا جائے گا۔