ہائی پرفارمنس سینٹر میں ثقلین اور گرانٹ کو اہم ذمے داریاں تفویض
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے گرانٹ بریڈ برن کی ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ اور ثقلین مشتاق کی بطور ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئر ڈیولپمنٹ تقرری کا باضابطہ اعلان کردیا۔
یہ تقرریاں ہائی پرفارمنس سینٹر کی ری اسٹرکچرنگ کا حصہ ہیں جس کے مطابق شعبہ ڈومیسٹک اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی اکٹھے کردیے گئے ہیں۔ 2 سابق ٹیسٹ کرکٹرز کے علاوہ عصر ملک کو ہائی پرفارمنس آپریشنز منیجر مقرر کیا گیا ہے۔
گرانٹ بریڈ برن ستمبر 2018 سے قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے ذمے داریاں نبھارہے ہیں، وہ اسکاٹ لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
گرانٹ بریڈ برن لیول تھری کوچ ہیں، 1990 سے 2001 تک 7 ٹیسٹ اور 11 ایک روزہ میچوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں اور اس سے قبل نیوزی لینڈ مینز اے اور انڈر 19 ٹیموں کی کوچنگ کے ذمے داریاں بھی نبھا چکے ہیں۔