کورونا معاملے پر علی ظفر کا بڑا بیان
لاہور: ملک کے مقبول گلوکار و اداکار علی ظفر نے کورونا وائرس کی بگڑتی صورت حال پر حکومت کو گومگو کی کیفیت میں دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا۔
پاکستان میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اب تک مریضوں کی مجموعی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ اموات کی تعداد 3 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
ایسے میں علی ظفر نے ٹوئٹر پر اپنی پوسٹ کے ذریعے حکومت کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
علی ظفر نے اپنی ٹوئٹر پوسٹ میں لکھا کہ ’ہم نے صرف تین ماہ اسی چکر میں ضائع کردیے کہ لاک ڈاؤن، اسمارٹ لاک ڈاؤن، سلیکٹڈ لاک ڈاؤن، سخت لاک ڈاؤن کرنا ہے، اوئے یو لاک ڈاؤن، نو لاک ڈاؤن‘۔
گلوکار نے لکھا کہ اس صورت حال میں کورونا نے مکمل طور پر تباہی مچا دی اور ہم انسان اب بھی بے ترتیب اور لاپروا ہیں۔