کراچی: نجی یونیورسٹی نے حکومت سندھ کے احکامات ہوا میں اڑا دیے
کراچی: نجی یونیورسٹی نے سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کے احکامات کی دھجیاں اڑا دیں، ٹیچرز ٹرینگ کے پروگرام کا شیڈول جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق انڈسٹریل ایریا میں واقع نجی جامعہ نے اساتذہ اور اسٹاف کی زندگیاں داؤ پر لگاتے ہوئے 9 اپریل کو ٹریننگ پروگرام منعقد کرنے کا اعلان کر دیا۔
اساتذہ اور اسٹاف کو پروگرام میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، انتظامیہ نے ایچ ای سی کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے ملازمین کو یونیورسٹی حاضر ہونے کے لئے ای میل کی ہے۔
ای میل میں بزرگ اسٹاف کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ یونیورسٹی میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔
اسٹاف کے ایک رکن نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جب انتظامیہ کو لاک ڈاؤن کی یاد دہانی کرائی گئی، تو ملازمت سے برخاست کرنے کی دھمکی دی گئی۔
واضح رہے کہ یہ اقدام کئی افراد کو کورونا جیسے مہلک مرض کا شکار بنا سکتا ہے۔