کراچی طیارہ حادثہ، وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن طیارہ حادثہ سے متعلق اہم اجلاس جاری ہے جس میں ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی گئی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کو اب تک کی تحقیقات سے متعلق آگاہ کیا جائے گا، وفاقی وزراء، سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہیں، زخمیوں کو فراہم کردہ سہولتوں سے متعلق بھی آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو لواحقین کے لیے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی، آئندہ کے لیے بھی حکومتی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی۔
دوسری جانب وزیراعظم نے میڈیا اسٹرٹیجی کمیٹی کا اجلاس آج شام ساڑھے 4 بجے طلب کرلیا، ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا، وزیراعظم حکومتی پالیسی پر گائیڈ لائنز فراہم کریں گے۔
اجلاس میں کورونا صورت حال اور بڑھتے ہوئے کیسز پر حکومتی حکمت عملی پر بھی مشاورت ہوگی، تازہ ترین معاشی اعدادو شمار اور حکومتی لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔