چاہتا ہوں قوم عید روایتی طریقے سے ہٹ کر منائے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم کا کہنا ہے کہ چاہتا ہوں کہ میری قوم عید روایتی طریقے سے ہٹ کر منائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ اس مرتبہ قوم روایت سے ہٹ کر عید الفطر کی خوشیاں منائے۔اُن کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے ہم ان خاندانوں کے لیے دعا کریں، جن کے پیارے ہوائی جہاز سانحے میں ان سے بچھڑ گئے یا کورونا وائرس کے نتیجے میں ان سے جدا ہو گئے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم میں سے ہر کوئی وبا کے حوالے سےمتعارف کردہ خصوصی تدابیر یعنی SOPs کا بھرپور خیال اور لحاظ رکھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کورونا مرض ہمارے درمیان موجود ہے، چنانچہ ادائیگی نمازِ عید سمیت پوری چھٹیوں کے دوران سماجی فاصلوں کا بطور خاص اہتمام کیا جائے۔ اللہ پاک اپنی رحمت ہم پر سایہ فگن فرمائیں، آمین۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ یہ ایک منفرد موقع ہے کہ ملک بھر میں ایک ہی دن عید منائی جارہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی متحرک قیادت میں پاکستان اتحاد اور خوش حالی کی منزل کی جانب گامزن ہے۔
انہوں نے لکھا کہ عید مناتے ہوئے ان غم زدہ خاندانوں کو نہ بھولیں جنہوں نے گزشتہ روز طیارے کے حادثے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا۔